اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملکی معیشت میں بہتری کے لیے اہم رابطے شروع کردئیے ہیں، پاکستان کو ورلڈ بینک سے تقریباً 6 سے 8 ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کے بعد ورلڈ بینک حکام سے رابطے شروع کردئیے، وزیراعظم عمران خان کی ورلڈ بینک کے ی ای او سے ملاقات طے پاگئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور سی ای او ورلڈ بینک کی ملاقات 26 اپریل کو دورہ چین میں ہوگی، عمران خان ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ورلڈ بینک حکام سے ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد موجود ہوں گے۔
سی ای او ورلڈ بینک کو حکومت کی نئی معاشی پالیسیوں سے آگاہ کیا جائے گا، پاکستان کو ورلڈ بینک سے تقریباً 6 سے 8 ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات طے
قبل ازیں وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ اعلیٰ سطح پر رابطے کیے تھے، وزیراعظم عمران خان کی آئی ایم کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات طے پاگئی ہے۔
آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات 26 اپریل کو دورہ چین کے دوران ہی ہوگی، آئی ایم ایف پروگرام پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم کرسٹیان لوگارڈ کو ملکی معاشی صورت حال سے آگاہ کریں گے، پاکستان کو آئی ایم ایف سے تقریباً 6 ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان اس سے قبل بھی کرسٹیان لوگارڈ سے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔