اسلام آباد : پاکستانی معیشت کے لیے اچھی خبر آگئی، عالمی بینک نے پاکستان کے لیے بڑا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی منظوری دے دی ، رقم داسو ڈیم کی تعمیر کے لیے فراہم کی جائے گی۔
ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ داسو ہائیڈرو منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، داسوہائیڈرو منصوبے سے پاکستان میں سستی بجلی پیدا ہوسکے گی۔
منصوبہ مکمل ہونے پر 4320 سے 5400 میگا واٹ تک بجلی پیدا ہوگی، پہلےمرحلے میں بجلی کا پیداواری تخمینہ 2160 میگا واٹ ہے۔
اس سے قبل ورلڈ بینک ابتدائی کاموں کیلیے 588.4 ملین ڈالر اور ٹرانسمیشن لائنوں کی تنصیب کیلیے 700 ملین ڈالر کی منظوری دے چکا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کو توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے گھریلوں صارفین سمیت فیکٹریز، مساجد اور اسپتال وغیرہ نے سولر سسٹم لگانا شروع کردیا ہے، جس سے باقی بچ رہنے والے صارفین پر بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔
ورلڈ بینک کے نئے تخمینے کے مطابق منصوبے کی لاگت 13 فیصد اضافے کے ساتھ 4.3 ارب ڈالر سے بڑھ کر 4.9 ارب ڈالر ہوگئی ہے، اس منصوبے کو مکمل کرنے کا پہلا ہدف دسمبر 2021 مقرر کیا گیا تھا۔
نواز شریف حکومت نے 2013 میں دیامیر بھاشا ڈیم پر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو ترجیح دی تھی، اور وہ 2018 سے پہلے اس کے پہلے مرحلے کا افتتاح کرنے کے خواہش مند تھے، لیکن منصوبہ تعطل کا شکار ہوتا گیا، تاہم اب ورلڈ بینک نے اس کی تکمیل کی مدت 2028 مقرر کی ہے۔