اسلام آباد: ورلڈ بینک پاکستان کو 30 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا، یہ رقم پنجاب میں ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر بنانے پر خرچ ہوگی۔
جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ ورلڈ بینک پنجاب اسموگ میٹی گیشن ایکشن پلان کو سپورٹ کرے گا، رقم سے ایئر کوالٹی انڈیکس میں آلودگی 35 فیصد تک کم کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے آئندہ 10 سال میں ایک کروڑ 30 لاکھ افراد مستفید ہو سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف آگاہی بڑھائی جائے گی، پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ میں 600 الیکٹرک بسیں شامل کی جائیں گی۔
19 مارچ 2025 کو ورلڈ بینک نے پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا جو موسمیاتی تبدیلی سے متاثر غریب کاشت کاروں کیلیے ہوگی۔
ورلڈ بینک نے بتایا تھا کہ رقم موسمیاتی تبدیلی سے متاثر افراد میں چھوٹے قرضوں کی صورت میں فراہم کی جائے گی، رقم کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ افرادکی آمدن بڑھانا ہے، رقم ورلڈ بینک کے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ پروگرام کا حصہ ہے۔
یاد رہے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت ورلڈ بینک نے پاکستان کیلیے 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا تھا اور فریم ورک کی منظوری کیلیے 24 میں سے 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
ورلڈ بینک 20 ارب ڈالرز کا تقریباً 3 چوتھائی حصہ آئی ڈی اے کے ذریعے فراہم کرے گا، بقیہ رقم انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔