کراچی: شہر قائد میں منعقدہ عالمی کتب میلے کا آج تیسرا روز ہے، ایکسپو سینٹر میں زبردست گہماگہمی دیکھی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں آج عالمی کتب میلے کا تیسرا روز ہے، ہزاروں شہری ایکسپو سینٹر پہنچ گئے ہیں، اندر داخل ہونے کے لیے طلبہ اور شہریوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔
ایکسپو سینٹر میں طلبہ و طالبات اور اساتذہ سمیت عمائدین شہر بھی بڑی تعداد موجود ہیں، اس وقت تمام ہال مکمل طور ہر بھر چکے ہیں اور باہر طویل ترین قطاریں بھی لگی ہوئی ہیں۔
کتب میلے میں میں 30 سے 50 فی صد رعایت پر کتابیں دستیاب ہیں، شہری بڑی تعداد میں کتابیں خریدنے میں دل چسپی دکھا رہے ہیں، شہری فیملیز کے ساتھ میلے میں شرکت کر رہے ہیں۔
کنوینر کتب میلہ وقار متین خان کے مطابق یہ پانچ روزہ کتب میلہ کل ختم ہوگا۔
یاد رہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 17 ویں عالمی کتب میلے کا آغاز جمعرات 8 دسمبر سے ہوا تھا، جو اتوار 11 دسمبر 2022 تک جاری رہے گا، اس میلے میں 17 ممالک کے 40 سے زائد اداروں نے اپنی کتب پیش کی ہیں۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ رواں برس کتب میلے میں 5 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں کراچی سمیت ملک بھر کے شہری شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یہ کتب میلہ پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کیا جاتا ہے، چیئرمین ایسوسی ایشن عزیز خالد کے مطابق 2005 سے لگا تار منعقد ہونے والے کراچی بین الاقوامی کتب میلے کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی میلے کا اعزاز حاصل ہے، جس میں نہ صرف پاکستان بھر سے بلکہ ہندوستان، ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے پبلشنگ ادارے حصہ لیتے ہیں۔