لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے مشن ورلڈکپ 2019 سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے کہا دوران ورلڈ کپ کرکٹراہل خانہ کوساتھ نہیں لے جاسکیں گے، کھلاڑیوں کا کہنا ہےدو ماہ طویل دورے میں کھلاڑیوں کو اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہ دینا افسوسناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے انگلینڈ روانہ ہونے والے کھلاڑیوںکو اہلخانہ کو اپنے ساتھ لے جانے سے روک دیا، فیصلہ ورلڈ کپ کادورہ طویل اور متعدد شہروں میں ہونے کے باعث کیاگیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بورڈ نے کھلاڑیوں پر واضح کیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کے دوران کھلاڑی اہلیہ اور بچوں کو ساتھ رکھ سکتے ہیں تاہم دوران ورلڈ کپ انہیں اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب تمام صورت حال میں کھلاڑی نے بورڈ کے فیصلے پر مؤقف اختیار کیا کہ ورلڈ کپ کا آخری گروپ میچ بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کو 5 جولائی کو کھیلنا ہے اور اگر ٹیم پاکستان نے فائنل کھیلا تو 15 جولائی کو وطن واپسی ہوگی، اس اعتبار سے دو ماہ طویل دورے میں کھلاڑیوں کو اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہ دینا افسوسناک ہے۔
مزید پڑھیں : ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا
یاد رہے 2017ء میں آئی سی چیمپئینز ٹرافی کے دوران کھلاڑیوں کے اہل خانہ ان کے ساتھ موجود تھے۔
گذشتہ روز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا، ورلڈ کپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، عماد وسیم، حارث سہیل، محمد حفیظ، جنید خان، محمد حسنین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019 برطانیہ میں 30 مئی سے شروع ہوگا، بھارت اپنا پہلا میچ جنوبی افریقا کے خلاف 5 جون کو کھیلے گا جبکہ پاک بھارت ٹاکڑا 16 جون کو شیڈول ہے۔