جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

ورلڈ کپ 2023، کئی لیجنڈ کھلاڑی اپنا آخری میگا ایونٹ کھیل رہے ہیں

اشتہار

حیرت انگیز

کرکٹ کے سب سے بڑے عالمی مقابلے ون ڈے ورلڈ کپ کا آغاز ہو چکا ہے موجودہ کرکٹ کی دنیا کے کئی لیجنڈ اپنا آخری میگا ایونٹ کھیل رہے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جس کا شائقین کرکٹ کا چار سالوں سے انتظار تھا وہ وقت بالآخر آ گیا۔ بھارت کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ کے آغاز کے ساتھ ہی آئی سی سی 13 ویں ورلڈ کپ کا آغاز ہو گیا۔ اس میگا ایونٹ میں بڑے بڑے کرکٹ ستارے جگمگائیں گے جن میں سے کئی لیجنڈ کھلاڑیوں کو یہ آخری ورلڈ کپ ہوگا جس کو وہ اپنی کارکردگی سے ضرور یادگار بنانا چاہیں گے۔

ان میں سب سے پہلے بات کریں گے میزبان بھارت کے کپتان اور ہٹ مین روہت شرما کی جن کا یہ ممکنہ طور پر آخری ورلڈ کپ ہوگا جب کہ رن مشین اور سابق انڈین کپتان ویرات کوہلی کے بھی آئندہ ورلڈ کپ 2027 سے قبل ہی کرکٹ کے میدانوں کو رخصت کہہ دینے کا امکان ہے۔

اس لیے دونوں بڑے کھلاڑیوں کی بھرپور کوشش ہوگی کہ اپنی انفرادی کارکردگی اور اجتماعی کوششوں سے اپنی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر ورلڈ چیمپئن بنا کر اپنا نام عظیم کرکٹرز کے ساتھ درج کرا جائیں۔

انگلینڈ کو 2019 میں عالمی چیمپئن بنانے والے بین اسٹوکس بھی یقینی طور پر اپنا آخری ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں۔ وہ ورلڈ کپ سے قبل ہی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے تھے تاہم انگلش بورڈ نے ان کی میگا ایونٹ میں ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے خصوصی طور پر طلب کیا تھا اس لیے یہ ان کا آخری بڑا کرکٹ اسائنمنٹ ہے۔

آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کے ون ڈے کیریئر کا بھی یہ آخری ورلڈ کپ ہوگا۔

کیوی کپتان کین ولیمسن جو افتتاحی میچ میں تو اپنی ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں وہ بھی آخری بار ہی میگا ایونٹ میں جگمگائیں گے اس لیے وہ بھی چاہیں گے کہ اپنے آخری عالمی کپ کو یادگار بناتے ہوئے نیوزی لینڈ کو پہلی بار عالمی چیمپئن بنوائیں اور ٹرافی گھر لے جائیں۔

جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک اور ڈیوڈ ملر بھی آخری بار ایکشن میں نظر آئیں گے جب کہ بنگلا دیشی کپتان سپر اسٹارآل راؤنڈر شکیب الحسن کو بھی شائقین کرکٹ آخری بار ورلڈ اسٹیج پر پرفارم کرتے دیکھیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں