بھارت میں جاری ون ڈے ورلڈ کپ 2023 تقریباً نصف گزر چکا ہے اب تک کھیلے گئے 23 میچز میں کئی بیٹرز اور بولرز نے اپنی دھاک بٹھائی ہے۔
کرکٹ کا سب سے بڑا عالمی میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 رابن لیگ کی بنیاد پر کھیلا جا رہا ہے جس کے ابتدائی راؤنڈ نے 45 میں سے 23 میچز کھیلے جا چکے ہیں اور اب ٹورنامنٹ فیصلہ کن مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے جیسے جیسے میچز اپنے انجام تک پہنچ رہے ہیں فائنل فور کے حوالے سے صورتحال واضح ہوتی جا رہی ہے۔
رواں میگا ایونٹ میں ہائی اسکورنگ میچ ہو رہے ہیں جس کے باعث بیٹنگ کے کئی ریکارڈز بن رہے ہیں تاہم بولرز بھی کسی سے پیچھے نہیں اور اپنی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
ورلڈ کپ 2023 میں اب تک ٹاپ بیٹرز میں سر فہرست جنوبی افریقہ کے بیٹر کوئنٹن ڈی کوک ہیں جو اب تک ٹورنامنٹ میں 407 رنز بنا چکے ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر بھارت کے ویرات کوہلی ہیں جنہوں ںے 354 بنائے ہوئے ہیں۔
بھارتی کپتان روہت شرما کا ٹاپ بیٹرز میں تیسرا نمبر ہے جو 311 رنز جوڑ چکے ہیں جب کہ پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 302 رنز بنا کر اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
یہ تو ہیں ورلڈ کپ کے ٹاپ بیٹر لیکن بولرز گیند سے بھی کمال دکھا رہے یہں جن میں سر فہرست ہیں نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر جو 12 مخالف بیٹرز کو گھر بھیج چکے ہیں۔
سری لنکا کے دلشان مدھو شانکا اور بھارت کے چسپرت بمراہ نے 11، 11 شکار کر رکھے ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری اور پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے 10، 10 وکٹیں لے رکھی ہیں۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر میزبان بھارت نے 5 میچ کھیلے ہیں اور تمام میں فتح حاصل کرکے 10 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے اور اس کا سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیے جانا یقینی ہو چکا ہے۔
جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ نے اپنے اپنے حصے کے 5، 5 میچز میں سے چار چار میں فتوحات سمیٹ رکھی ہیں لیکن رن ریٹ کے فرق سے جنوبی افریقہ دوسرے اور کیویز تیسرے نمبر پر ہیں۔ اگر کوئی بڑا اپ سیٹ نہ ہوا تو یہ ٹیمیں بھی فائنل فور کے لیے کوالیفائی کر سکتی ہیں۔
آسٹریلیا نے اب تک ورلڈ کپ میں چار میچز کھیلے ہیں اور وہ چار پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان پانچ کھیلنے کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔