سابق پاکستانی کپتانوں اور ماہرین کرکٹ نے آج سے شروع ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی خوبیوں اور خامیوں پر اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے سب سے پہلے ایچ ڈی اسپورٹس چینل ’اے اسپورٹس‘ کے پروگرام دی پویلین میں سابق قومی کپتانوں وسیم اکرم، معین خان، شعیب ملک نے شرکت کی اور آج سے بھارت میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم کے حوالے سے اپنی رائے دی۔
وسیم اکرم کے مطابق دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ کی سب سے مضبوط اور متوازن ٹیم ہے جس میں قیادت جوز بٹلر کے ہاتھ ہے تو ملان، روٹ، برسٹو، مارک ووڈ، کرس ووکس عادل رشید وکٹ ٹیکر، ہیری بروکس ہے بین اسٹوکس، گیس اٹکنسن جیسے بڑے نام اس کو کرکٹ کا سب سے مضبوط اسکواڈ بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم ہر صلاحیت سے مالا مال کھلاڑی پر مشتمل ہے جس میں نئی گیند پر ہٹ کرنے والے بیٹر کے ساتھ آل راؤنڈر اور فنشر ہے تو فاسٹ بولر کے ساتھ لیگ اور آف اسپن کمبینشین بھی ہے۔ دنیا کی ٹاپ فیلڈنگ سائیڈ ہے اس لیے ورلڈ کپ کی سب سے فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے۔
شعیب ملک نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ورلڈ کپ میں انگلینڈ جیسا متوازن کمبینیشن کوئی اور ٹیم میں نہیں لیکن میرا خیال ہے کہ ایک شعبہ ہے جہاں انہیں ٹارگیٹ کیا جا سکتا ہے اور وہ ہے بولنگ سائیڈ۔
شعیب ملک کہتے ہیں کہ ان کے بولرز کی خامی یہ ہے کہ ایک بار مار کھانا شروع کرتے ہیں تو پھر مار کھاتے ہیں لیکن جس طرح انہیں پیٹا جاتا ہے اسی طرح بلکہ اس سے کہیں زیادہ ان کے بلے باز مخالف بولرز کو دھونے کی صلاحیت رکتھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ان کے لیول پر جا کر کھیلنا پڑے گا اور زیادہ رنز بنا کر ہدف بڑا دینا جب کہ کم پر انہیں آؤٹ کرنا ہوگا۔
معین خان نے کہا کہ ان کی ٹیم دفاعی چیمپئن ہے اور ایونٹ کا انتہائی بیلنس اسکواڈ ہے جو میرے خیال میں تمام ٹیموں کو ٹورنامنٹ میں بڑا ٹف ٹائم دینے والی ہے لیکن یاد رکھیں کہ جو پلس پوائنٹ ہوتا ہے وہی مائنس ہو جاتا ہے اگر آپ کی فارم خراب ہو۔
سابق وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ انگلینڈ کے پاس بڑے ہٹر ہیں جو رنز بنانا روکتے نہیں خاص طور بھارت جیسے گراؤنڈز پر تو ایک اوور میں 8 سے 9 رنز بنانا ان کے لیے کوئی بڑا مشکل امر نہیں ہوگا ان کے خلاف جارحانہ بولنگ کرنا اور وکٹ لینے کی ضرورت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ہٹنگ پاور اتنی زیادہ ہے کہ اس ورلڈ کپ میں آپ عالمی کپ کا سب سے بڑا اسکور ہونے کی توقع بھی کر سکتے ہیں۔ بس جس نے انہیں روکا وہی انہیں قابو کر سکے گا۔