آسٹریلیا نے بھارتی ارمانوں کو خاک میں ملاتے ہوئے سورماؤں کے گھر میں ہی ان کا شکار کرلیا۔ ورلڈکپ فائنل میں باآسانی بھارت کو شکست فاش سے دوچار کردیا۔
تفیصلات کے مطابق کینگروز نے ورلڈکپ فائنل جیتنے کی روایت برقرار رکھی اور بھارتی شیروں کا ان کے گھر میں بے دردی سے شکار کیا۔ آسٹریلیا نے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے زیادہ شائقین کرکٹ کے سامنے چھٹی بار ون ڈے کرکٹ کی حکمرانی کا تاج اپنے سر پر سجالیا۔
آئی سی سی ورلڈکپ کا فائنل دیکھنے کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے. ان کے علاوہ بالی وڈ کی بڑی شخصیات میں شاہ رخ خان، دیپکا، رنویر اور انوشکا سمیت کئی اداکار فائنل میچ دیکھنے آئے ہوئے تھے.
عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے بیٹرز نے 47 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد بھارتی بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔ اوپنر ٹریوس ہیڈ اور مڈل آرڈر بیٹر مارنس لیبوشن نے 192 رنز کی شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے فتح کو آسان بنایا۔
ٹریوس ہیڈ نے فائنل میں شایان شان کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی وہ 137 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مارنس لیبوشن نے 58 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔
آسٹریلیا نے ہدف کے تعاقب کے دوران جب پہلے ہی اوور میں 16 رنز بٹورے تو بھارتی کپتان فوراً ہی دوسرے اوور میں اپنے وکٹ ٹیکر بولر محمد شامی کو لے آئے۔ شامی نے آتے ہی پہلی بال پر وارنر کی وکٹ حاصل کرتے ہوئے بھارتی شائقین کے دلوں میں امید کی کرن جگا دی۔
مچل مارش بھی 41 کے مجموعی اسکور پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ اسٹیون اسمتھ بھی صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اس کے بعد ہیڈ اور لیبوشن نے بھارتی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور آسٹریلیا نے باآسانی چار وکٹوں کے نقصان پر 43 اوورز میں 241 کے ہدف کا تعاقب کرلیا۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 43 رنز دے کر دو وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ محمد شامی 47 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم کی بیٹنگ فائنل میں فلاپ رہی اور پوری ٹیم آخری بال پر240 رنزبنا کر ڈھیر پوگئی، کے ایل راہول 66، ویراٹ کوہلی 54 اور روہت شرما نے47 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے لیفٹ آرم فاسٹ بولرمچل اسٹارک نے3 تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہیزل ووڈ اور کپتان پیٹ کمنز نے 2،2 بھارتی بیٹرز کو چلتا کیا۔