پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ 14 اکتوبر کو ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل گرین شرٹس اپنے دونوں میچ جیت لے گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان اپنی مہم آج سے حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیدر لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔
ورلڈ کپ میں پاکستانی مہم کے حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کہتے ہیں کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ زبردست ہوتا ہے اور امید ہے کہ 14 اکتوبر کو جب میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا ہوگا اس سے قبل گرین شرٹس نے اپنے دونوں میچ جیت رکھے ہوں گے۔
مکی آرتھر نے مزید کہا کہ 2019 کے ورلڈ کپ کا کچھ کام باقی ہے اور وہ اس ورلڈ کپ میں اس ادھورے کام کو مکمل کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کا بولنگ اٹیک دنیا میں بہترین ہے اور نیدر لینڈ کے خلاف پلیئنگ الیون کا اعلان ٹاس پر ہی کریں گے۔
واضح ہے کہ پاکستان میگا ایونٹ میں آج حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں نیدر لینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا جب کہ اسی گراؤنڈ پر گرین شرٹس جمعرات 12 اکتوبر کو سری لنکا سے ٹکرائیں گے۔
ورلڈ کپ میں پاکستان آج سے اپنا سفر شروع کرے گا
ان میچوں کے بعد قومی ٹیم احمد آباد کا رخ کرے گی جہاں اس کو 14 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف نریندر مودی اسٹیڈیم میں میچ کھیلنا ہے۔