ورلڈ کپ میں اونچی پرواز کرنے والے افغانستان نے عالمی چیمپئن انگلینڈ کو ہرانے کے بعد اپنی پوری توجہ 2019 میگا ایونٹ کے رنر اپ نیوزی لینڈ کی جانب موڑ دی جس سے آج مدمقابل ہوگی۔
بھارت میں جاری کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے شائقین کرکٹ کو اپنے سحر میں جکڑ رہے ہیں۔ پے در پے اپ سیٹ کے بعد شائقین کرکٹ کی چھوٹی ٹیموں سے توقعات بڑھ رہی ہیں۔
افغانستان نے گزشتہ میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا اور اب اس نے اپنی پوری توجہ 2019 ورلڈ کپ کی رنر اپ اور رواں میگا ایونٹ کی تاحال نا قابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ کو زیر کرنے کے لیے اپنی تمام تر توجہ اس جانب مذکور کر لی ہے۔
ورلڈ کپ کے 16 ویں میچ میں آج چنئی میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں ٹکرائیں گی میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔
کیویز ٹیم اب تک ناقابل شکست رہنے کے باعث پراعتماد ہے تو گزشتہ میچ میں ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد افغانستان کے حوصلے بھی آسمان کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ آج دونوں ٹیمیں مسلسل تیسرے ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
چنئی کی پچ پر ٹرن متوقع ہے اس لیے افغانستان کے تینوں اسپنر راشد خان، مجیب الرحمان اور محمد نبی نیوزی لینڈ کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں جو اب تک ایونٹ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے آ رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ کپتان ولیمسن کے دوبارہ زخمی ہونے کے بعد ٹام لیتھم کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔
آج کے میچ کے لیے نیوزی لینڈ کا ممکنہ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔
ٹام لیتھم (کپتان)، ڈیون کانوے، ول ینگ، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مچل سینٹنر، مارک ہنری، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ۔
افغانستان کا ممکنہ اسکواڈ:
حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زردان، رحمت شاہ، عظمت اللہ عمر زئی، محمد نبی، اکرام علی خیل، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق اور فضل الحق فاروقی۔