آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں آج حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور نیدر لینڈ کے ٹیموں کے درمیان میچ ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے مقابلے جاری ہیں آج ایونٹ کا چھٹا میچ حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں نیوزی لینڈ اور نیدر لینڈ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔
نیوزی لینڈ کے ریگولر کپتان کین ولیمسن ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کی طرح آج کے میچ کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے ان کی جگہ وکٹ کیپر ٹام لیتھم قیادت کریں گے تاہم ٹم ساؤتھی اور لوکی فرگوسن فٹ ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب نیدر لینڈ کی جانب سے وین بیک کی گروئن انجری کے باعث آج کے میچ میں شرکت مشکوک ہے۔
آج دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں دوسرا میچ ہے۔ نیوزی لینڈ نے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو شکست دی تھی جب کہ نیدر لینڈ کو پاکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اب تک کھیلے گئے میچوں میں نیوزی لینڈ، پاکستان، بنگلہ دیش، بھارت، جنوبی افریقہ اپنے میچز جیت چکے ہیں جب کہ شکست انگلینڈ، افغانستان، سری لنکا، آسٹریلیا اور نیدر لینڈ کی ٹیموں کا مقدر بنی ہے۔