فٹبال ورلڈ کپ کے سلسلے میں پولینڈ، سویڈن اور جمہوریہ چیک نے روس کے خلاف پلے آف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے کے بعد پولینڈ، سویڈن اور جمہوریہ چیک نے کہا ہے کہ وہ مارچ میں روس کے ساتھ ورلڈ کپ کا پلے آف نہیں کھیلیں گے۔
جمعرات کو فیفا نے کہا کہ پولینڈ، سویڈن اور جمہوریہ چیک نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ روس میں پلے آف میچز نہیں کھیلے جانے چاہئیں، اس بیان کے بعد ہم صورت حال پر نظر رکھیں گے۔
واضح رہے کہ پولینڈ کو 25 مارچ کو روس میں کھیلنا ہے، دونوں میں سے فاتح ٹیم کا مقابلہ چار دن بعد سویڈن یا جمہوریہ چیک میں سے کسی ایک کے ساتھ ہوگا، جس کا فاتح نومبر میں قطر میں ہونے والے فائنل میں جگہ بنا لے گا۔
It is the right decision! I can’t imagine playing a match with the Russian National Team in a situation when armed aggression in Ukraine continues. Russian footballers and fans are not responsible for this, but we can’t pretend that nothing is happening. https://t.co/rfnfbXzdjF
— Robert Lewandowski (@lewy_official) February 26, 2022
یوکرین پر حملے کے تناظر میں پولینڈ کی جانب سے ورلڈ کپ میں روس کے خلاف پلے آف میچ میں بائیکاٹ کے اعلان کے بعد کپتان پولش فٹبال ٹیم نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم یہ دکھاوا نہیں کر سکتے کہ کچھ نہیں ہو رہا، صدر پولش فٹبال ایسوسی ایشن نے بھی کہا ٹیم روس کے خلاف میچ کھیلنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔
سویڈن اور پولینڈ کی ٹیموں نے واضح طور پر کہا ہے کہ جہاں بھی میچ ہوگا وہ روس کے ساتھ میچ نہیں کھیلیں گے، دونوں ممالک کی فٹبال ایسوسی ایشنز نے فیفا سے روس کے ساتھ پلے آف میچز منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ روز یورپین فٹبال ایسوسی ایشن نے بھی چیمئینز لیگ کے فائنل کی میزبانی روس سے واپس لے کر فرانس کو دے دی ہے۔