آج دنیا بھر میں تعلیم کا عالمی دن منایا جا رہا ہے تاہم یہ قابل تشویش ہے کہ اسکول سے باہر بچوں کی تعداد میں پاکستان کا دنیا بھر میں دوسرا نمبر ہے۔
آج پاکستان سمیت دنیا بھرمیں تعلیم کا دن منایا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت تعلیم انسان کا بنیادی حق ہے۔ عوام کو مفت اور لازمی بنیادی تعلیم فراہم کرنا ریاست کا فرض ہے، لیکن ملک میں صورتحال انتہائی ابتر اور تشویشناک ہے۔
یونیسکو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اسکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔
وفاقی وزارت تعلیم کے ذیلی ادارے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک میں 16 سال کی عمر کے اسکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد 2 کروڑ 66 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔
پنجاب میں ایک کروڑ 11 لاکھ سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں جبکہ سندھ میں 70 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 36 لاکھ اور بلوچستان میں 31 لاکھ سے زائد بچے تعلیم کے حصول میں ناکام جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تقریباً 80 ہزار بچے اسکول نہیں جاتے ہیں۔