عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں سمندری طوفان سے پیدا ہونے والے اثرات اور ان سے بچاؤ سے متعلق رپورٹ متعلقہ اداروں کو بھجوا دی ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سمندری طوفان کی شدت میں کمی آنے سے وہ کیٹگری ون میں داخل ہوچکا ہے، طوفان سے پاکستان کے 4 اضلاع شدید متاثر ہوئے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق سمندری طوفان سے ایک لاکھ کے قریب افراد کا ان کی آبادیوں سے انخلا ہوا۔ 82ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سمندری طوفان سے 22افراد زخمی اور2اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 4ہزار سے زائد مریضوں کو ہیلتھ سروسز اور1448بچوں کو ویکسینیٹ کیا گیا۔
ڈبلیوایچ او کے مطابق ٹھٹھہ، سجاول، بدین میں محکمہ صحت کی جانب مزید اضافی عملہ تعیناتی کی درخواست کی گئی اور متاثرہ اضلاع میں81 ریلیف کیمپ،186میڈیکل کیمپ لگائے گئے۔
عالمی ادارہ صحت نے کا کہنا ہے کہ بدین سے31 ہزار 280 لوگوں کا انخلاء کیا گیا، سجاول سے 23ہزار 695، ٹھٹھہ سے22ہزار، ملیر سے5ہزار شہریوں کا انخلا کیا گیا۔ این ڈی ایم اے مسلسل متعلقہ اداروں سے رابطےمیں ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق تیسری ٹیکنیکل ورکنک گروپ میٹنگ میں موسم اور ریلیف کیمپس کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ہے، ڈبلیو ایچ او کا اسٹریٹجک ہیلتھ آپریشنل سینٹر صبح 8تا رات 8بجے صورت حال مانیٹر کررہا ہے۔