نیویارک: عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ فائزر اور بائیو ٹیک کی مشترکہ ویکسین کی دونوں خوراک 21 سے28 دنوں کے وقفے میں لازمی استعمال کی جائے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ایک آن لائن نیوز بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے تین سے چار ہفتے بعد استعمال کے نتائج سے متعلق ڈیٹا موجود نہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ میں اس بات کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے کہ پہلی خوراک کے بعد دوسری خوراک دینے میں 12 ہفتوں کی تاخیر کی جائے۔
سربراہ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈروس نے چین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چین نے اب تک کورونا کے پھیلاؤ کی ابتدا جاننے کے لیے عالمی مشن کے تمام ارکان کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ وہ ایک بار پھر اس بات پر زور دیتے ہیں کہ وائرس کی ابتدا سے متعلق جاننا ڈبلیو ایچ او کی ترجیحات میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عالمی ادارہ صحت کے شعبہ ایمرجنس کے سربراہ مائیکل ریان نے 28 دسمبر کو پریس بریفننگ کے دوران کہا تھا کہ کرونا وائرس کی وبا خواب غفلت سے جگانے کی کال ہے۔
یاد رہے کہ یہ بریفنگ عالمی ادارے کی جانب سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا ایک سال مکمل ہونے پر کی گئی تھی۔ ایک سال کے عرصے میں دنیا بھر میں کرونا وائرس سے 18 لاکھ کے قریب اموات ہوچکی ہیں جبکہ 8 کروڑ سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔