اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا اس بات کی منتظر ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے تاکہ وہ دیکھے کہ مظلوم کشمیریوں پر اس دوران کیا بیتی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے تازہ ٹویٹ میں دنیا کو اس امر کی طرف متوجہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جو کرفیو نافذ ہے، وہ کشمیریوں پر کیا اثرات مرتب کر رہا ہوگا۔
انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ دنیا منتظر ہے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے، تاکہ وہ دیکھے کہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کیا ہوا۔
عمران خان نے لکھا کہ کیا مودی سرکار سمجھتی ہے کہ وہ کشمیریوں کے خلاف زیادہ فوجی طاقت استعمال کر کے تحریک آزادی کو کچل دے گی؟
What should be obvious is the int community will be witnessing the genocide of the Kashmiris in IOK. Question is: Will we watch another appeasement of fascism, this time in the garb of BJP govt, or will the int community have the moral courage to stop this from happening?
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 8, 2019
انھوں نے بی جے پی حکومت کو خبردار کیا کہ بھارتی اقدام سے کشمیریوں کی تحریک آزادی مزید تیز ہوگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جو یقینی ہے وہ یہ ہے کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں اہل کشمیر کی نسل کشی کا بد ترین مظاہرہ دیکھنے کو ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اہم سوال ہے کہ آیا ایک مرتبہ پھر ہمیں بی جے پی کی حکومت کی شکل میں فاشزم کی خوشامد دیکھنے کو ملے گی یا بین الاقوامی برادری اخلاقی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کا راستہ روکے گی؟
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کی سازش کر رہا ہے، انٹرنیشنل کمیونٹی مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی دیکھے گی، لیکن کیا وہ اسے ہونے سے بچانے کے لیے اخلاقی جرأت کا مظاہرہ بھی کرے گی یا روایتی خوشامد کا مظاہرہ کرے گی۔