دبئی: متحدہ عرب امارات میں دنیا کے سب سے بڑے واٹر پارک کی تعمیرات آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، اطلاعات کے مطابق یہاں پر نصب کی جانے والی سلائیڈ 112 فٹ اونچی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ دنیا کا سب سے بڑا اور مہنگا واٹر پارک تعمیر کیا جارہا ہے جو 2020 تک عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، واٹر پارک میں 112 فٹ طویل ٹاور اور 12 نئی واٹر سلائیڈز نصب کی گئیں ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق پارک کا تعمیری کام تیزی سے جاری ہے اور اسے 2020 میں موسمِ گرما کے آغاز پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، پارک میں فیملیز کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس واٹر پارک کو پام جزیرے پر تعمیر کیا جارہا ہے، یہاں بچوں کے لیے کم بلندی والی سلائیڈز بنائی گئیں جن میں سے سب سے اونچی 449 میٹر کی ہے اسی طرح خواتین کے لیے بھی علیحدہ سلائیڈز ہیں۔
ماہرین نے پارک کو منفرد بنانے کے لیے اڑن طشتری نما ایک تیز رفتار ٹرین سلائیڈ بنائی جس میں 15 سال سے کم عمر بچوں، بزرگوں اور کمزور دل والی خواتین کو بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پارک کی داخلہ فیس وغیرہ کے حوالے سے ابھی کوئی اطلاعات سامنے نہیں آئیں البتہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ نومبر کے آخر تک انٹری فیس کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔