کراچی: پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ یوم بحر سمندروں کے لیے مربوط بین الاقوامی کاوشیں یقینی بنانے کا دن ہے، سمندر معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں آج عالمی یوم بحر منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ سمندر خوشحالی، معاشی ترقی اور زمینی حیات کی بقا کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم بحر سمندروں کے لیے مربوط بین الاقوامی کاوشیں یقینی بنانے کا دن ہے، سمندری وسائل محفوظ اور جدت پر مبنی طریقوں سے استعمال کے لیے سرگرم ہیں۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ انسانی، صنعتی فضلے اور جہازوں سے تیل رساؤ روکنے کے لیے کردار ادا کررہے ہیں، ماہی گیری کے ممنوعہ طریقوں کی روک تھام میں بھی پاک بحریہ کا بھرپور کردار ہے۔
خیال رہے کہ عالمی یوم بحر یعنی سمندروں کا عالمی دن دنیا بھر میں 8 جون کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد انسانی زندگی میں پانی کی اہمیت، آبی جانوروں کا تحفظ اور سمندری آلودگی کم کرنا ہے۔