چئیرمین پی سی بی شہریار خان نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لئے پندرہ رکنی ٹیم کی منظوری دے دی۔ خرم منظور کی جگہ احمد شہزاد کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔
بورڈ نے حتمی نام آئی سی سی کو بھجوادیئے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے چلے ہوئے کارتوس پھر آزمانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
چئیرمین پی سی بی شہریار خان نے قذافی اسٹیڈیم میں کوچ وقار یونس سے مشاورت کے بعد حتمی اسکواڈ کی منظوری دے دی۔ ایشیا کپ کیلئے ڈراپ ہونے والے احمد شہزاد پر سلیکٹرز پھر مہربان ہوگئے۔
قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس میں کئی اہم معاملات پرغور کیا گیا۔ اجلاس میں ہیڈکوچ وقار یونس نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں خراب کارکردگی کے اسباب بتائے۔ اس موقع پر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں زیادہ تبدیلیاں نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لئے احمد شہزاد کو خرم منظور کی جگہ پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرنے کا گرین سگنل دیدیا گیا۔
اس موقع پرکرکٹر سلمان بٹ کی پاکستانی ٹیم میں واپسی پر غور بھی ہوا۔ ہیڈ کوچ وقار یونس نے سلمان بٹ کو اسکواڈ کا حصہ بننے کا مشورہ دیا، جس کی سلیکشن کمیٹی اور کپتان شاہد آفریدی نے سختی سے مخالفت کردی۔
شاہد آٖفریدی نے دوٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ سلمان بٹ ٹیم میں آئے تو وہ نہیں کھیلیں گے۔
اجلاس کے دوران ہیڈکوچ وقار یونس نے کپتان آفریدی کی ٹیم میٹنگ میں عدم دلچسپی سے بھی چیئرمین پی سی بی کو آگاہ کیا۔
وقار یونس نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرنے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بات کرنے کیلئے کوئی موضوع نہیں ہے۔
آئی سی سی کو بھجوائے گئے دیگر ناموں میں شاہد آفریدی کپتان، سرفراز احمد، محمد حفیظ، عمر اکمل، شعیب ملک، محمد عامر، وہاب ریاض، انور علی، محمد عرفان، محمد نواز، شرجیل خان، عماد وسیم اور محمد سمیع شامل ہیں۔