ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ورلڈالیون اور ایشیا الیون کے درمیان شیڈول میچز کو ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے ہلاکت خیز کورونا وائرس نے ایک اور اسپورٹس ایونٹ کو متاثر کیا ہے، سو سے زائد ممالک میں پھیلنے والے مہلک وائرس سے جہاں عالمی معیشت، سیاحت اور دیگر سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں وہیں کھیل کے میدان بھی اس وبا کی اثرات سے محفوظ نہیں رہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے پیش نظر ورلڈالیون اور ایشیا الیون کے مابین ہونے والے میچز کو ملتوی کر دیا ہے۔
بی سی بی کے صدر نظم الحسن کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ 21 اور 22 مارچ کو ڈھاکا میں شیڈول ورلڈ اور ایشیا الیون کے میچز کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں میچز کا انعقاد مشکل دکھائی دے رہا تھا اس لیے فیصلہ کیا کہ میچز موخر کردیے جائیں اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے نئی تاریخیں طے کی جائیں گی۔
واضح رہے کی ورلڈ اور ایشیا الیون میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں تھا جب کہ زیادہ تر تعداد بنگلادیشی اور بھارتی کرکٹرز کی تھی۔