جموں کشمیر میں ڈاکٹرز نے آپریشن کرتے ہوئے عورت کے پیٹ سے دنیا کے سب سے بڑی اپینڈکس کو نکالنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جموں کشمیر کے شہر اننت ناگ میں ڈاکٹرز کی ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے آپریشن کے دوران ایک مریضہ کے جسم سے دنیا کا سب سے بڑا اپینڈکس کامیابی سے نکال لیا ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے مذکورہ اپینڈکس کی لمبائی نو انچ یا 23 سینٹی میٹر کے قریب ہے۔ نجی اسپتال ’الحیات‘ سرجن ملک آزاد اور ان کی ٹیم نے آپریشن کرتے ہوئے عورت کے پیٹ سے یہ اپینڈکس نکالا۔
اب تک کسی بھی انسان کے جسم جو سب سے بڑا اپینڈکس نکالا گیا ہے اس کی لمبائی 22 سینٹی میٹر بتائی جاتی ہے۔ تاہم اننت ناگ کے ڈاکٹرز نے دعویٰ کیا کہ 20 سالہ خاتون کے پیٹ سے نکلنے والے اپینڈکس کی لمبائی 23.7 سینٹی میٹر ہے۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ عام طور پر ایک انسان کے جسم مین 7 سے 11 سینٹی میٹر طویل اپینڈکس ہوتا ہے۔ تاہم اب تک کسی انسان کے جسم سے نکالے جانے والے سب سے بڑے اپینڈکس کی لمبائی 22 سینٹی میٹر رہی ہے۔
یہ اپینڈیکس افریقی ملک میں ایک شخص کے پیٹ سے نکالا گیا تھا اور طب کی کتابوں میں بھی یہی درج ہے۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ آپریشن سے قبل انھیں اندازہ نہیں تھا کہ پیٹ سے اتنا بڑا اپینڈکس نکلے گا۔ اس اپینڈکس کو طالب علموں کے لیے سنبھال کر رکھا جائے گا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ آپریشن کے بعد مذکورہ مریض خاتون کی حالت بہتر ہے اور انھیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔