لاڑکانہ: :بھٹو کے شہر میں انسانوں کے ساتھ برے سلوک کی دو مثالیں سامنے آ گئی ہیں، زخموں میں کیڑے پڑ گئے لیکن اسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کرنے سے انکار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں ایک مستانہ شخص کے پیر میں چوٹ لگنے کے باعث کیڑے پڑ گئے ہیں، جب کہ ایک اور متاثرہ شخص کے بازو پر زخم میں کیڑے پڑ گئے، دونوں کو اسپتال میں علاج میں فراہم کرنے سے انکار کر دیا گیا۔
نمایندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک سوشل ورکر نے زخمی مستانے کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا تھا، کیڑے پڑنے پر متاثرہ شخص کو شعبہ حادثات کے عملے نے داخل کرنے سے انکار کیا۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ڈی جی رینجرز سندھ نے نوٹس لے لیا، رینجرز کے ڈاکٹرز کی ٹیم شعبہ حادثات پہنچ گئی، رینجرز کے ڈاکٹرز نے فرش پر لیٹے متاثرہ شخص کو طبی امداد فراہم کی۔
دریں اثنا، زخم میں کیڑے پڑنے پر ایک اور مریض کو بھی اسپتال پہنچایا گیا، متاثرہ شخص کے بازو پر زخم تھا جس پر پٹی بندھی ہوئی تھی، ایک سماجی کارکن کا کہنا تھا زخمی شہر سے باہر ایک کلو میٹر دور سڑک کنارے پڑا ہوا تھا۔
سماجی کارکن نے بتایا کہ زخمی کو ایک ایمبولینس سے اتار کر سڑک کنارے پھینکا گیا تھا۔ دوسری طرف زخمی کو اسپتال منتقل کرنے کے باوجود علاج شروع نہیں کیا گیا۔
ادھر شہریوں نے ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کیڑے پڑے دوسرے شخص کا بھی علاج کرائیں۔