واشنگٹن: سابق ریسلر اور ہالی ووڈ اسٹار دی راک کے والد راکی جانسن 75 برس کی عمر میں چل بسے۔
تفصیلات کے مطابق سابق ریسلر اور ہالی ووڈ اسٹار دی راک کے والد اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے معروف ریسلر راکی جانسن 75 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
ڈبلیو ڈبلیو ای انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں راکی جانسن کی موت کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔
راکی جانسن کا اصل نام ویدی ڈگلس باؤل تھا، انہوں نے 1980 کی دہائی میں شہرت حاصل کی اور دسمبر 1983 میں اپنے ساتھی ٹونی اٹلس کے ساتھ پہلی بار ورلڈ ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ جیتی تھی۔
راکی جانسن ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ جیتنے والی پہلی بلیک ٹیگ ٹیم کا حصہ رہے، 1991 میں ریٹائرمنٹ کے بعد جانسن نے اپنے بیٹے دی راک کو متعارف کرایا تھا۔
ڈیون جانسن دی راک خود بھی ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ میں متعدد چیمپئن شپ جیت چکے ہیں، دی راک نے اپنے حریف کھلاڑیوں ٹرپل ایچ، انڈر ٹیکر کو شکست دی تھی۔
دی راک کے والد راکی جانسن کو 2008 میں ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔
ریسلر ٹرپل ایچ نے راکی جانسن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔