لاہور: افتخار عارف، انور مسعود اور راحت فتح علی خان سمیت ادیبوں اور فنکاروں کو قومی اعزازات سے نوازا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر ملک کے معروف شاعر افتخار عارف اور انور مسعود کو نشان امتیاز سے نوازا گیا ہے، جب کہ قوال اور گلوکار راحت فتح علی خان کو ہلالِ امتیاز دیا گیا۔
ہدایت کار بلال لاشاری، گلوکار جاوید بشیر، اور فاخر محمود کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا، گلوکارہ شازیہ منظور، موسیقار ذوالفقار علی عطرے، اداکار عدنان صدیقی کو پرائیڈ آف پرفارمنس دیا گیا۔
ادکارہ مہربانو عرف جگن کاظم اور استاد رستم فتح علی خان کو تمغہ امتیاز، چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر کو اعلیٰ تعلیم، بہترین تعلیمی اداروں کی تشکیل میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کو بھی شعبہ تعلیم میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔
بلوچستان
کوئٹہ یوم پاکستان پر گورنر ہاؤس میں اعزازات دینے کی تقریب میں قائم مقام گورنر بلوچستان عبدالخالق نے اعزازات تقسیم کیے، فن و ادب کے شعبے میں عبدالکریم بریالی کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا، خدمات عامہ کے شعبے میں لال جان جعفر کو ستارہ امتیاز، قانون و خدمات عامہ کے شعبے میں جسٹس (ر) محمد نور مسکان زئی کو ستارہ امتیاز، خدمات عامہ کے شعبے میں ڈاکٹر مریم کو تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
فن شعبہ بلوچی دستکاری میں شکر بی بی کو تمغہ برائے حسن کارکردگی، خالد باقی، محمد بالاچ شہید کو تمغہ شجاعت، ادب و تحریر کے شعبے میں ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ کو تمغہ امتیاز، ادب و شاعری کے شعبے میں غلام قادر بزدار کو تمغہ امتیاز، خدمات عامہ کے شعبے میں بشیر احمد بنگلزئی، عبدالرؤف بلوچ اور محمد امتیاز بزدار کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔
کراچی میں یوم پاکستان پر گورنر ہاؤس میں اعزازات دینے کی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اعزازات تقسیم کیے، 18 کو ستارہ امتیاز، 8 کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا، 7 کو تمغہ شجاعت اور 43 افراد کو تمغہ امتیاز دیا گیا۔
سندھ
اداکار عدنان صدیقی، قادر بخش مٹو کو تمغہ برائے حسن کارکردگی، مفتی منیب الرحمان کو ستارہ امتیاز، عارف حبیب اور مرزا اختیار بیگ کو ستارہ امتیاز، سابق چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت کو ستارہ امتیاز، عزیز میمن کو خدمات عامہ کے شعبے میں ستارہ امتیاز، سابق آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔
شعبہ طب میں نمایاں خدمات پر ڈاکٹر امجد سراج کو ستارہ امتیاز، آرٹ اور آرکیٹیکچر میں نمایاں خدمات پر ملائکہ جنید، سائرہ فرقان کو سماجی خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔