اسلام آباد : پاک بھارت جنگی صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں ایکس پر عائد پابندی ختم کرکے بحال کردیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی آئی ٹی وٹیلی کام کا چیئرپرسن سینیٹرپلوشہ خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا، کمیٹی ارکان نے بھارتی حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاک افواج کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
چیئرپرسن قائمہ کمیٹی پلوشہ خان نے بتایا کہ پاکستان نے ایکس پر عائد پابندی ختم کردی ہے اور سروس بحال کردی گئی ، پاک بھارت جنگی صورتحال میں بیانیہ کی جنگ کےلئے پابندی ختم کی گئی۔
پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی اے نے ایکس پرپابندی کے خاتمہ سے آگاہ کیا ہے۔
سیکرٹری آئی ٹی نے بتایا کہ امریکاکےساتھ ٹیرف کےمعاملےپربات چیت جاری ہے، ٹیرف پرفائنل ہونےکےبعدڈیٹاپروٹیکشن بل پارلیمنٹ پیش کیا جائے گا۔
سینیٹر انوشہ رحمان نے کہا کہ سائبرسیکیورٹی سےمتعلق چین سےاشتراک کیاجائے، جس پر سیکرٹری آئی ٹی نے بتایا کہ آپ کےتجویز کردہ اقدام پر پہلے ہی کام جاری ہے۔
خیال رہے ایکس جو (پہلے ٹویٹر کے نام سے جانا جاتا تھا) پر پاکستان میں پابندی عائد کر دی گئی تھی اور وی پی این کے بغیر رسائی ممکن نہیں تھی۔
یاد رہے ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی تھی کہ بھارتی فورسز نے پاکستان کے اندر چھ مقامات پر فضائی حملے کیے ، جن میں کوٹلی، بہاولپور، مظفر آباد، باغ اور مریدکے کو نشانہ بنایا گیا۔
میڈیا بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 26 شہری شہید جبکہ 46 زخمی ہوئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی فضائی حملوں کا بھرپور اور مربوط جواب دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستان نے بھارت کے حملے کا جواب دیتے ہوئے دشمن کے پانچ طیارے مار گرائے۔