چیٹ بوٹ اور چیٹ جی پی ٹی کا مدِمقابل ’گروک تھری‘آج متعارف کرایا جائے گا، یہ بات ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے اپنے خطاب میں کہی۔
دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ سے ویڈیو کال کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک نے گروک تھری کی جدیدیت اور صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تجربات کے دوران اس نے موجودہ تمام چیٹ بوٹس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جو ایک اچھی پیش رفت ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ بتایا کہ ایکس اے آئی کے ’گروک تھری‘ چیٹ بوٹ کی تقریب رونمائی امریکی وقت کے مطابق آج بروز پیر رات 8 بجے کی جائے گی۔
ارب پتی ایلون مسک نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی ایکس اے آئی کا مصنوعی ذہانت چیٹ بوٹ اور چیٹ جی پی ٹی کا مدِمقابل گروک تھری پیر کو رات 8 بجے پیسیفک ٹائم کو ایک لائیو ڈیمو کے ساتھ لانچ کیا جائے گا۔
گذشتہ روز مسک کی سربراہی میں ایک سرمایہ کار گروپ نے اوپن اے آئی کے غیر منافع بخش اثاثے خریدنے کے لیے 97.4 بلین ڈالر کی پیشکش کی۔ یہ اقدام دنیا کے امیر ترین شخص کی جانب سے مصنوعی ذہانت کی اس کمپنی کے خلاف ایک اور چال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ وہ بہترین مصنوعی ذہانت ماڈلز کی ترقی کے لیے درکار سرمایہ حاصل کرنے کے لیے ایک منافع بخش ادارہ بننا چاہتی ہے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے گروک 2 ماڈل اگست 2024 میں متعارف کرایا تھا جو تصاویر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ستمبر 2024 میں کمپنی کی جانب سے اس ماڈل کو تصاویر کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت سے لیس کیا گیا تھا۔
اب تک یہ فیچرز صرف ایکس پریمیئم اور پریمیئم پلس صارفین کو دستیاب تھے مگر اب تمام افراد انہیں استعمال کر سکیں گے، اس کا ممکنہ مقصد گروک صارفین کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے تاکہ فیڈ بیک سے اس اے آئی چیٹ بوٹ کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔
یاد رہے کہ ایلون مسک نے گزشتہ سال اگست2024 میں اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا اور ایک امریکی عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ اوپن اے آئی کے منافع بخش ادارے میں تبدیلی کے عمل کو روکے۔
اس کے جواب میں اوپن اے آئی کا کہنا تھا کہ ایلون مسک کی بولی ان کے مقدمے کے مؤقف سے متصادم ہے۔