بیجنگ: چین کی عینک بنانے والی کمپنی نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایسا چشمہ متعارف کرایا جو آنکھوں کو خطرناک شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے۔
چینی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاؤمی کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے جانے والی عینک موبائل اسکرینز اور لیب ٹاپ سے نکلنے والی خطرناک نیلی شعاعوں سے محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کمپنی نے جدید چشمے کو ’میجیا اینٹی بلیو رے‘ کا نام دیا، اس عینک کو اپریل میں متعارف کرایا جاچکا ہے مگر اب شیاؤمی نے اسے جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر کے دوبارہ پیش کیا۔
شیاؤمی کے مطابق اس چشمے میں ’طاقتور ترین لینس لگائے گئے ہیں جو انسانی آنکھوں کو نیلی شعاعوں سے 80 فیصد جبکہ دیگر شعاعوں سے 93 فیصد تک محفوظ رکھ سکتے ہیں‘۔
مردوں اور خواتین کے لیے متعارف کرائے جانے والے چشمے کا کُل وزن ساڑھے پندرہ گرام ہے جس کی قیمت 29 ڈالر مقرر کی گئی جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے تقریباً 4 ہزار 750 روپے بنتے ہیں۔
شیاؤمی کی جانب سے سے جدید ٹیکنالوجی سے لیس چشمہ صرف چین میں ہی متعارف کرایا گیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ چین میں کامیابی کے بعد دیگر ممالک میں یہ چشمہ دستیاب ہوگا۔