کراچی : وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ یادگار شہدا چھوٹی سی جگہ تھی بتایا جائے کس کو بری لگ رہی تھی، آج ہمارا دل خون کے آنسو رو رہاہے، کچھ عناصر ہمارے نئے صوبے کے مطالبے سے پریشان ہیں۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ایم کیوایم پاکستان کو آگے بڑھتا نہیں دیکھنا چاہتے، وہ ایم کیوایم کی مضبوطی سے خوفزدہ ہیں، ایم کیوایم پاکستان آگے بڑھ رہی ہےاور مضبوط ہورہی ہے.
انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ہمارے نئے صوبے کے مطالبے سے پریشان ہیں۔ یادگار شہدا چھوٹی سی جگہ تھی بتایاجائے کس کو بری لگ رہی تھی، بتایا جائے کس کو یادگار شہدا سے خطرہ تھا، یادگار شہدا سے کسی کو کیا مسئلہ تھا، سامنے آئے اور بتائے، شہدا کے لواحقین بے چینی کا شکار ہوئے ہیں، آج ہمارا دل خون کے آنسو رو رہاہے، یہ کس کی سازش ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے شہری علاقوں کی نمائندگی کی اور کررہے ہیں، شہری علاقوں کے مطالبے کو اسمبلیوں میں پیش کیا جارہا ہے، شہری علاقوں کے مطالبے کو عدالتوں میں پیش کیا جارہا ہے، مڈل کلاس کی نمائندگی ایم کیوایم پاکستان کررہی ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی، عزیزآباد میں یادگار شہدا پر نامعلوم افراد کی توڑ پھوڑ
ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہمیں کمزور کرنے اور لڑوانے کے لیے سازشیں ہوسکتی ہیں، یہ کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی، کراچی میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، پرامن سیاسی جدوجہد کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔