کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر یار محمد رند نے اپنے حلقہ انتخاب میں قطری شہزادے کو شکار گاہ کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ الاٹمنٹ منسوخ نہ ہونے کی صورت میں دو دن بعد صوبہ بھر میں احتجاج کی کال دیں گے۔
تحریک انصاف بلوچستان کے صدر یار محمد رند پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کررہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے جان بوجھ کر ضلع بولان کی سب تحصیل سنی شوران میں قطری شہزادے کو شکار گاہ الاٹ کی ہے جو کہ غیر قانونی اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے کو اجازت دلانے میں اہم کردار چیف سیکریٹری بلوچستان کا ہے جب کہ افسوس کا مقام یہ ہے کہ حکومت کو یہ اندازہ بھی نہیں ہے کہ علاقے کے محنت کش اور کسان کتنی بری طرح متاثر ہوں گے۔
اسی سے متعلق : قطری شہزادوں کو شکار کی اجازت نواز شریف کی مداخلت پر ملی،عمران خان
انہوں نے متنبہ کیا کہ حکومت یاد رکھے کہ علاقے میں متاثر ہونے والے محنت کش غریب کسان اپنی سال بھر کی محنت کے بعد حاصل ہونے والی فصلوں کو بچانے کے لیے کسی بھی قسم کا قدم اٹھا سکتے ہیں۔۔
اس موقع پر سردار یارمحمد رند نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری قبائلی شخصیت ہونے کے ناطے فوری طور پر وفاقی حکومت سے شکارگاہ کی الاٹمنٹ کی منسوخی کے لیے رابطہ کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔
انہوں نے بتایا کیا کہ الاٹمنٹ کے خلاف ہفتے کو قبائلی افراد نے گنداواہ شوران روڈ کو دن بھر ٹریفک کے لیے بند رکھا اور اس سلسلے میں علاقے کے عوام ہر قسم کے احتجاج کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت شکار گاہ کی الاٹمنٹ کے سلسلے میں ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے اسی لیے میرے حلقہ انتخاب میں قطرکے شہزادے کو شکارگاہ الاٹ کی گئی ہے۔
انہوں نے قطری سفیر سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس اہم معاملے کا نوٹس لیں تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے مابین قائم بھائی چارے کی فضا خراب نہ ہونے دیں۔
سردار یارمحمد نے اعلان کیا کہ اگر قطری شہزادے کو شکار کے لیے دی گئی الاٹمنٹ منسوخ نہ کی گئی تو صوبے بھر میں پیر کو احتجاج کی کال دیں گے اور عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔