ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹارز شاہ رخ خان اور سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر بمقابلہ پٹھان‘ کی شوٹنگ اچانک ملتوی کیے جانے کی خبروں سے پُرستاروں میں مایوسی پھیل گئی۔
بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آدتیہ چوپڑا نے اسکرپٹ کو مزید بہتر بنانے کیلیے فلم ’ٹائیگر بمقابلہ پٹھان‘ کی شوٹنگ ملتوی کر دی۔
ذرائع نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ مارچ 2024 میں شروع کی جانی تھی لیکن آدتیہ چوپڑا نے ذاتی طور پر فیصلہ کیا کہ اسکرپٹ کا از سر نو جائزہ لیا جائے تاکہ دیکھنے والوں کو تجربہ بہترین رہے۔
ذرائع کے مطابق جیسے ہی سدھارتھ آنند فلم ’فائٹر‘ کی پوسٹ پروڈکشن سے فارغ ہوں گے، آدتیہ چوپڑا ان کے ساتھ بیٹھ کر اسکرپٹ پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس وقت آدتیہ چوپڑا کی مکمل توجہ فلم اور خاص کر اس کے اسکرپٹ پر مرکوز ہے۔ ٹائیگر یش راج فلمز یونیورس کا سب سے سینئر جاسوس ہے۔ آدتیہ چوپڑا جانتے ہیں کہ ’ٹائیگر مقابلہ پٹھان‘ میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو ایک ساتھ دیکھنے کیلیے لوگ انتہائی پُرجوش ہیں۔
شاہ رخ خان نے حال ہی میں آدتیہ چوپڑا سے ملاقات کی اور فلم کے اسکرپٹ کو بہتر سے بہتر بنانے کیلیے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سُپر اسٹار نے انہیں یقین دلایا ہے کہ میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں اور جب بھی آپ شوٹنگ کا فیصلہ کریں گے میں حاضر ہوں۔ اسی طرح سلمان خان نے بھی آدیتہ چوپڑا کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
فلم کی شوٹنگ ملتوی ہونے کی خبریں جب سوشل میڈیا پر پھیلیں تو شاہ رخ اور سلمان خان کے مداح مایوس ہوگئے کیونکہ وہ سُپر اسٹارز کو اسکرین پر ایک ساتھ دیکھنے کیلیے بے تاب ہیں۔