لاہور: قومی کرکٹ بورڈ نے دورۂ انگلینڈ کے لیے شاداب خان کی جگہ یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق لیگ اسپینر یاسر شاہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز کا حصہ ہیں اور وہ 23 اپریل کو دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ پاکستان سے روانہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ لیگ اسپینر شاداب خان کو ہیپاٹائٹس کی تشخیص ہوئی جس کے باعث سلیکشن کمیٹی نے انہیں علاج کی غرض سے مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا۔
چیف سلیکٹر انضمام کا کہنا تھا کہ شاداب خان کے میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹس مثبت آئی ہیں اور ان میں ہیپاٹائٹس کی تشخیص بھی ہوئی، بدقسمتی سے یہ ہمارے لیے اچھی خبر نہیں ہے مگر لیگ اسپینر کو انگلینڈ لے کر جارہے ہیں جہاں اُن کا علاج کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ سے پہلے قومی ٹیم کودھچکا، شاداب خان ہیپاٹائٹس میں مبتلا
ہیپاٹائٹس کی تشخیص کے بعد شاداب کی ورلڈ کپ میں شرکت کے امکانات بھی کم ہوگئے تاہم علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے بعد اُن کے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے اور پھر رپورٹس کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ امید ہے شاداب خان ورلڈکپ تک بہتر ہو جائیں گے تاہم انگلینڈ کے خلاف ہونے والی پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں انہیں آرام کا موقع دیا جارہا ہے، ہمیں امید ہے ورلڈ کپ سے قبل ساری چیزیں بہتر ہوجائیں گی۔