دبئی: آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کردی، نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے یاسر شاہ دسویں نمبر پر آگئے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کردی، نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر قومی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری ہوئی ہے۔
دبئی ٹیسٹ میچ میں 14 وکٹیں حاصل کرنے والے یاسر شاہ بولرز رینکنگ میں دسویں نمبر پر آگئے ہیں، فاسٹ بولر محمد عباس کی تیسری پوزیشن برقرار ہے، پہلے نمبر پر جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ربادا ہیں، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
ٹاپ ٹین بیٹسمین میں کوئی پاکستانی بلے باز شامل نہیں ہے، اظہر علی، بابر اعظم اور حارث سہیل کی رینکنگ میں بہتری ہوئی ہے، اظہر علی بارہویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹیموں کی رینکنگ میں گرین شرٹس چھٹے نمبر پر موجود ہیں، بھارت پہلے، انگلینڈ دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے اور آسٹریلیا پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
مزید پڑھیں: دبئی ٹیسٹ: شاہینوں نے نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16رنز سے شکست دے دی
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4 رنز سے شکست دی تھی جس کے بعد دبئی ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے شاندار کم بیک کیا اور نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، سیریز کا آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ 3 سے 7 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔