اتوار, نومبر 24, 2024
اشتہار

خان پور کی باہمت لڑکی، جس نے ماں کے انتقال کے بعد خود کو کمزور نہیں ہونے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

خان پور: پنجاب کے شہر خانپور سے تعلق رکھنے والی لڑکی یاسمین نے اتنی ہمت اور عزم سے گھر بار، تعلیم اور اپنی خواہشات کو سنبھالا کہ ان کی کہانی لڑکیوں کے لیے تقلید کی ایک مثال بن گئی ہے۔

یاسمین خان پور کی ایک غریب فیملی سے تعلق رکھتی ہیں، لیکن اتنی باہمت ہے کہ انھوں نے ماں کے انتقال کے بعد خود کو کمزور نہیں ہونے دیا، اور تعلیم کے ساتھ ساتھ گھر بھر کی ذمہ داری بھی سنبھال لی۔

خان پور کی یاسمین کسی سے پیچھے نہیں، یہ خود موٹر سائیکل چلا کر سودا سلف بھی لاتی ہیں اور گھر کے کام کاج کرتی ہیں، والدہ کے انتقال کے بعد گھر کے تمام کام کاج کی ذمہ داری بھی اس لڑکی نے احسن طریقے سے سنبھال رکھی ہے۔

- Advertisement -

یاسمین نے لڑکی ہونے کو اپنی کمزوری بنانے کی بجائے اپنی طاقت بنایا ہے، دسویں کلاس کی طالبہ یاسمین اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف گیمز میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔

دل میں مستقبل کے ہزاروں ارمان سجائے یاسمین حکومت وقت سے پُر امید ہے کہ حکومت کی مدد سے اپنی تعلیم مکمل کر کے اپنے ملک کی خدمت کر سکے گی۔

یاسمین نے اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ’’عموماً ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کو کم زور سمجھا جاتا ہے، ایک سال پہلے جب میری والدہ کا انتقال ہوا تو میں نے کم زور ہونے کی بجائے خود کو پہلے سے بھی زیادہ مضبوط بنا لیا۔‘‘

یاسمین نے کہا ’’میں نے گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے گھر میں پرچون کی دکان کھولی، جس کی آمدنی سے گھر والوں کا گزر بسر ہو رہا ہے، لیکن حکومت سے اپیل ہے کہ وہ میرے تعلیمی اخراجات میں معاونت کرے۔‘‘

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں