بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

نواز شریف ملک میں علاج سے مطمئن ہیں، یاسمین راشد

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف علاج سے مطمئن ہیں، ان سے بیرون ملک علاج سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ملک میں علاج سے متعلق مطمئن ہیں، ڈاکٹر طاہر شمسی کے علاج سے بھی نواز شریف مطمئن نظر آئے۔

یاسمین راشد نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 2 سے 3 دن میں نواز شریف کی صحت میں بہتری آنا شروع ہوگی، میاں صاحب کے ٹیسٹ ٹھیک آئے ہیں صرف پلیٹ لیٹس میں کمی ہورہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آج صبح سے نواز شریف کی طبیعت بہتر ہے، صبح سے ان کے پلیٹ لیٹس بہتر ہیں کم نہیں ہوئے، ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بون میرو بالکل ٹھیک کام کررہا ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی طبی بنیادوں پر رہائی کیلئے درخواست پرمیڈیکل بورڈ کے سربراہ کل طلب

وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ پتا چل چکا ہے پلیٹ لیٹس اینٹی باڈیز کی وجہ سے گر رہے تھے، نواز شریف کو تمام مطلوبہ طبی سہولتیں دی جارہی ہیں۔

یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی بریفنگ دی ہے، اس وقت ان کا بلڈ پریشر 160/90 ہے، نواز شریف کی صحت میں ایک دو دن میں بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا پیغام نواز شریف کو پہنچایا تھا، پیغام میں تھا کہ آپ کو بیرون ملک ڈاکٹرز یا کوئی سہولت چاہئے تو بتائیں، نواز شریف نے کہا کہ میں علاج سے مطمئن ہوں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں