لاہور: سابق صوبائی وزیر و رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) یاسمین راشد کی کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ یاسمین راشد کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں علاج کیلیے سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا، وہ جیل میں بے ہوش ہوگئی تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سخت گرمی کی وجہ سے یاسمین راشد کا جیل میں بلڈ پریشر ہائی ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ جیل میں بے ہوش ہوئیں
سروسز اسپتال میں پی ٹی آئی رہنما کا علاج جاری ہے۔ سخت گرمی کی وجہ سے آئی جی جیل خانہ جات نے کوٹ لکھپت جیل میں ائر کولر لگانے کا حکم دیا تھا۔
یاسمین راشد 9 مئی کے پُرتشدد واقعات میں ملوث ہونے کے باعث قید ہیں۔ فروری میں گاڑیاں اور تھانہ شادمان جلانے کے مقدمات میں ان سمیت محمود الرشید اور اعجاز چوہدری پر فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔
اس سے قبل اپریل میں یاسمین راشد کو طبیعت ناسازی کے باعث جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ان کو سانس کی تکلیف اور کھانسی کی شکایت تھی، اسپتال میں ان کا میڈیکل ایمرجنسی میں معائنہ کیا گیا تھا۔
ذرائع بتایا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما کا پلمونولوجی اور میڈسن کے ڈاکٹرز نے چیک اپ کیا تھا۔