کراچی: سال 2018 اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، رواں سال کے دوران کھیلوں کے میدان میں کیا کچھ ہوا، کون کس پر بازی لے گیا، کون چیمپئن رہا، کون ناکام رہا، کس کی نئی اننگز کا آغاز ہوا، آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
ایشیا کپ 2020 کی میزبانی
پاکستان کرکٹ شائقین کے لیے اچھی خبر ہے کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2020 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی، پاکستان کو میزبانی دینے کا فیصلہ ایشیین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا تاہم ایونٹ کے میچز کہاں ہوں گے اس کا فیصلہ ایشیا کپ شروع ہونے سے کچھ عرصہ قبل کیا جائے گا دوسری جانب بھارت نے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملنے پر واویلا شروع کردیا ہے، بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جاکر نہیں کھیل سکتے پی سی بی وینیو تبدیل کرے۔
یاسر شاہ کا تیز ترین 200 ٹیسٹ وکٹوں کا ریکارڈ
لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 33 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کرنے کا سنگ میل عبور کیا اور 82 سالہ ریکارڈ کو پاش پاش کردیا، انہوں نے روس ٹیلر کی وکٹ حاصل کرکے اپنی 200 وکٹیں مکمل کیں، یاسر شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی، وزیراعظم عمران خان نے لیگ اسپنر کو 200 وکٹیں حاصل کرنے پر مبارک باد دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
محمد حفیظ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر
قومی کرکٹر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا، محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ فیصلہ ذاتی ہے اپنے کیریئر سے مطمئن ہوں، محمد حفیظ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے پر تنقید کا سامنا بھی رہا، انہوں نے 53 ٹیسٹ میچز میں 3644 رنز اسکور کیے جس میں 10 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں، اور ان کا اوسط 34.05 ہے۔
آل راؤنڈر محمد نواز رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے
رواں سال فروری میں قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز نے سعودی نژاد افریقی خاتون سے شادی کرلی، محمد نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے مداحوں کو شادی کی اطلاع دی، ان کی اہلیہ سعودی نژاد جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی میڈیکل کی طالبہ ہیں، دونوں کی منگنی پانچ سال قبل ہوئی تھی ان کی اہلیہ کا نام ازدلہار ہے۔
قومی ویمنز کرکٹر بسمہ معروف پیا گھر سدھار گئیں
قومی ویمنز ٹیم کی کپتان بسمہ معروف شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، بسمہ معروف کے شوہر ابرار سافٹ ویئر انجینئر ہیں، ویمنز کرکٹر کی شادی کی تقریب میں ساتھی کھلاڑیوں اور عزیز و اقارب نے شرکت کی اور خوب ہلا گلا بھی کیا، بسمہ معروف 98 ایک روزہ اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔
فاسٹ بولر جنید خان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد
رواں سال اگست میں فاسٹ بولر جنید خان بیٹے کے باپ بن گئے، کرکٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے نومولود بیٹے کے ساتھ پشاور کے اسپتال سے تصاویر شیئر کیں اور کہا کہ آج میرے لیے زندگی کا سب سے خوشگوار دن ہے ہماری فیملی میں ایک بیٹے کا اضافہ ہوگیا ہے، انہوں نے تمام مداحوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغام دینے پر شکریہ ادا کیا۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ہاں ننھے مہمان کی آمد
قومی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی، قومی کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ الحمد اللہ بیٹے کی ولادت پر بہت خوش ہوں، شعیب ملک نے بیٹے کی ولادت پر مبارک باد اور دعائیں دینے والوں سے اظہار تشکر کیا، ان کے نومولود بیٹے کا نام اذہان رکھا گیا۔
ہاکی ورلڈ کپ میں شکست
قومی ٹیم کو ہاکی ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، قومی ٹیم نے آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں حصہ لیا اور چار میچز کھیلے کسی ایک میں بھی کامیابی نہیں مل سکی، ملائیشیا کے خلاف کھیلا جانے والا میچ برابر رہا، عبرتناک شکست کے بعد مینجمنٹ کی جانب سے استعفوں کا سلسلسہ شروع ہوگیا جبکہ گول کیپر عمران بٹ نے بھی انٹرنیشنل ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
احمد شہزاد پر پابندی کا خاتمہ
ڈوپ ٹیسٹ میں معطل ہونے والے کرکٹر احمد شہزاد پر عائد پابندی کی مدت 22 دسمبر کو ختم ہوگئی اور اب وہ کرکٹ کھیل سکتے ہیں، احمد شہزاد پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کے باعث چار ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی، البتہ پابندی کے دوران انہوں نے قوانین کی خلاف ورزی کی، ٹیسٹ کرکٹر نے دوران پابندی کلب کرکٹ میچز کھیلے، کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پابندی کی مدت میں چھ ہفتے کا اضافہ کردیا گیا اور اس میں بائیس دسمبر تک کی توسیع ہوگئی تھی۔
ثنا میر کی لیگ بریک بال ویمنز ورلڈ ٹی ٹوینٹی کی ’پلے آف دی ٹورنامنٹ‘ قرار
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ویمن ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کی ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں کرائی گئی لیگ بریک بال کو پلے آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا، ثنا میر نے آئرلینڈ کی کپتان کو بولڈ کیا تھا جسے ٹورنامنٹ کا بہترین لمحہ قرار دیا گیا، ثنا میر نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں فیملی، مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مجیب الرحمان امریکی خاتون کے ساتھ نکاح کے بندھن میں بندھ گئے
اسلام قبول کرنے والی امریکی خاتون قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مجیب الرحمان کے ساتھ نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں، امریکی خاتون برٹنی منٹگمری اور مجیب الرحمان کی دوستی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہوئی تھی۔