کراچی: سال 2022 سونے کی تجارت کے لیے مایوس کن رہا، ملک میں جاری سیاسی کشمکش اور ابتر معاشی صورت حال سے سو نے کی مارکیٹ بھی عدم استحکام کا شکار رہی اور 2022 میں سونے کی قیمت میں 58 ہزار 600 روپے اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق سال 2022 کے دوران سونا ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، یکم جنوری 2022 کو سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 26 ہزار روپے کی سطح پر تھی، جو بڑھ کر 1 لاکھ 84 ہزار 600 روپے ہو گئی۔
دس گرام سونے کی قیمت 50 ہزار روپے اضافے سے ایک لاکھ 57 ہزار 950 روپے ہو گئی۔
جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد ارشد کے مطابق سونا مہنگا ہونے سے سونے کے زیورات کی خریداری میں 50 فی صد کمی آئی ہے۔
محمد ارشد نے کہا کہ سونا مہنگا ہونے کی وجہ سے شہریوں نے شادی اور دیگر تقریبات کے لیے سونے کی خریداری کم کر دی ہے، دو وقت کا کھانا خریدنا مشکل ہو گیا ہے، بیٹیوں کو شادی میں سونے کے زیورات کیسے بنا کر دیں۔
سونے کے تاجروں کے مطابق ملک میں سونے کے زیورات کی قیمت میں اضافے سے طلب میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔
عالمی مارکیٹ میں سال بھر میں سونے کی قیمت میں صرف 21 ڈالر فی اونس کا اضافہ ہوا، لیکن ڈالر کی قدر میں اضافے سے سرمایہ کاروں نے خالص سونے کی خریداری شروع کر دی، جس سے ملک میں سونے کی قیمت تاریخ بلند ترین سطح کو چھو گئی۔