کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے کہا ہے کہ لوگ میری اتنی عزت نہیں کرتے جتنی 10 ہزار رنز بنانے کی وجہ سے کرتے ہیں۔
کراچی میں فلاحی ادارے کی تقریب میں اپنا قیمتی بیٹ (بلے) نیلامی کے لیے پیش کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ میرے 10 ہزار رنز بنانے کی عزت کی جاتی ہے ، میری بھی کی جائے، 10 ہزار رنز بنانے کے پیچھے 17 سال کی محنت ہے، بلے کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی تعلیم کے لیے وقف کروں گا حکومت رقم پر ٹیکس نہ کاٹے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے دیگر ممالک نے مجھ سے رابطہ کیا مگر میں نے انکار کیا کیونکہ میں اپنے ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں، جہاں موقع ملے گا خدمت ضرور کروں گا۔
یونس خان نے اُس بیٹ کو نیلامی کے لیے پیش کردیا جس سے انہوں نے تاریخ کے 10 ہزار رنز مکمل کیے تھے، یہ بیٹ انہوں نے ایک فلاحی ادارے کو پیش کیا جس پر یونس خان کے دستخط بھی موجود تھے۔
فخرِ مردان نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے طور پر فلاحی کام کرنے چاہیے اس میں کسی اور کا نہیں بلکہ اُس کا اپنا ہی فائدہ ہوگا، سب جانتے ہیں کہ قوم کو اچھی تعلیم کی ضرورت ہے، میں نے ایک فلاحی ادارہ کھول رکھا ہے جو سماجی کاموں میں مصروف ہے اور ہمارے پاس مستقبل کے لیے اچھے پلان بھی موجود ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ سیاسی پارٹی میں شمولیت کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں، ساری سیاسی جماعتیں میری اپنی ہیں اور اچھا کام کررہی ہیں امید ہے ایک دن پاکستان میں تبدیلی ضرور آئے گی۔
یونس خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ تبدیل نہیں ہوگا اور نہ میری سوچ تبدیل ہوگی، پی ایس ایل اور دیگر ممالک سے بھی دعوتیں آرہی ہیں جو بھی عزت دے گا اور مناسب طریقے سے بلائے گا تو ضرور خدمت کا موقع دوں گا۔