کراچی : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی تعزیت کیلئے معروف قوال امجد صابری کے گھر پہنچ گئے۔ بیٹے اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق ایک مہینہ گزر گیا لیکن مقتول امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے آنے والوں کاسلسلہ نہ رکا۔
سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی بھی معروف قوال امجد صابری کے گھر پہنچ گئے۔ انہوں نے مقتول کے بیٹے اور اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا۔
امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امجد صابری قوم کا اثاثہ تھے، ملک میں صوفی ازم کی اشد ضرورت ہے کیونکہ صوفی ازم کے ذریعے ہی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، امجد صابری اور غلام فرید صابری نے قوالی میں بہت نام کمایا۔
یوسف رضا گیلانی نے وفاقی حکومت سے مرحوم کیلئے ایوارڈ کا مطالبہ کیا، اس موقع پرانہوں نے امجد صابری کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو سمیت کئی سیاسی اور سماجی رہنماؤں اور معزز شخصیات نے امجد صابری کی رہائش گاہ پر جاکر شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا تھا۔