کراچی میں یوم علیؓ کے جلوس کا شیڈول جاری کردیا گیا، جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ امام بارگاہ علی رضا کے سامنے ادا کی جائے گی۔
کراچی میں یوم علی کے مرکزی جلوس کے سلسلے میں روٹ پر کنٹینر لگنا شروع ہوگئے، دکانوں کو تلاشی کے بعد سربمہر (سیل) کیا جا رہا ہے۔ مرکزی جلوس سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک ،ٹاور سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
یوم علیؓ کے جلوس کی آمد سے قبل اطراف کے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا جائے گا، سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کی مدد سے جلوس کے راستوں کی نگرانی کی جائے گی۔
کراچی پولیس نے یومِ علی کے موقع پر مرکزی جلوس کے تحفظ کیلیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے یومِ علیؑ کے مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ مرکزی جلوس کے روٹ اور اس سے متصل گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 5367 پولیس افسران اور جوان حفاظتی ڈیوٹی پرمامور ہیں، جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ جلوس میں آنے والے شرکاء کی تلاشی کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
قبل ازیں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اعلیٰ پولیس افسران کے ہمراہ یومِ علی کے مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پولیس حکام نے ایڈیشنل آئی جی کو جلوس کے داخلی و خارجی راستوں کی سیکیورٹی، حساس مقامات پر پولیس تعیناتی، اسنائپرز کی پوزیشننگ، اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔