لاہور : پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز نے صوبے بھر میں اسپتالوں کی او پی ڈی بند کرنے کا اعلان کردیا، مظاہرین کا کہنا ہے نجکاری کا فیصلہ واپس لیاجائے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے چلڈرن ہسپتال اور جنرل ہسپتالوں کی او پی ڈیز نے کام کرنا بند کر دیا ہے جب کہ شہر کے دیگر سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں بنیادی مراکز صحت کی نجکاری کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کا پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا تیرہ روز سے جاری ہے۔
پولیس تشدد کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے آج پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈی بند کردی ہے۔
لاہور کے جنرل، میو، گنگا رام، سروسز اور جناح اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز او پی ڈی بند کراتے ہیں جسے انتظامیہ پدوبارہ بحال کردیتی ہے۔
دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کا کہنا ہے نجکاری سے بے روزگار ہوجائیں گے، نجکاری کا فیصلہ واپس لیاجائے، جب تک حکومت مذاکرت کرنےاورمطالبات منظورنہیں کرلیتی دھرنا جاری رہے گا۔
گزشتہ روزگرینڈ ہیلتھ الائنس کے شرکا کی ایوان وزیراعلیٰ جانےکی کوشش کی تھی ، جس پر انتظامیہ نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پانی کی توپ چلادی تھی۔
جس کے بعد مظاہرین نےچیئرنگ کراس پر دھرنا دے دیا تھا ، ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران نے کہا تھا مذاکرات کےذریعےمسائل کا حل چاہتےہیں لیکن مظاہرین خواتین کو آگے رکھ کرسیاست چمکارہے ہیں۔
یاد رہے قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا تھا ، جس میں مریضوں کی جانب سے میڈیکل ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ سے متعلق متعدد شکایات موصول ہوئیں۔
اپنے معائنے کے دوران، اس نے ضروری ادویات کی کمی اور ہنگامی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات میں کمی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔