کراچی : صوبے کے ینگ ڈاکٹرز این ایل ای ٹیسٹ اور پاکستان میڈیکل کمیشن کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے، بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر یوم سیاہ منایا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں پاکستان میڈیکل کمیشن کیخلاف ڈاکٹروں نے یوم سیاہ منایا، اس موقع پر ڈاکٹرز بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر معمول کی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے تحت احتجاجی مظاہرے میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین وائی ڈی اے سندھ ڈاکٹر عمرسلطان نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن این ایل ای قانون کو ختم کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کا ٹیسٹ اور امتحانات کے10سمسٹرز کے بعد این ایل ای ٹیسٹ کی کیا ضرورت ہے؟ این ای ایل ٹیسٹ ڈاکٹروں سے پیسے کمانے کا ذریعہ ہے۔
ڈاکٹر عمرسلطان کا کہنا تھا کہ این ایل ای کے امتحان سے کوئی ڈگری نہیں ملتی، پوسٹ فیلو شپ کے لئے الگ امتحانات دیتے ہیں، ڈاکٹروں کی قابلیت پر کوئی شک ہے تو پہلے سرکاری اداروں سے کرپشن ختم کی جائے۔