شادی کا جھانسہ دے قصور سے رحیم یار خان بلائے جانے والے نوجوان کو اغوا کرلیا گیا، پولیس نے مغوی کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شادی کا جھانسہ دے قصور سے رحیم یار خان بلائے جانے والے 32 سالہ افضال کو اغوا کرلیا گیا، قصور کے تھانہ گنڈا سنگھ والا پولیس نے مغوی کے بھائی کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں کچے کے علاقے سے اغواکاروں نے خاتون بن کر نوجوان افضال کو شادی کا لالچ دیا جس پر افضال خاتون سے شادی کی غرض سے رحیم یار خان چلا گیا جہاں اسے اغواکاروں نے یرغمال بنالیا ہے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق اغواکاروں نے افضال کی رہائی کے لیے لاکھوں روپے کا تاوان طلب کیا ہے اور وہ میرے بھائی افضال کو تشدد کا نشانہ بنا کر اسکی ویڈیو ہمیں بھیجتے ہیں۔
مدعی مقدمہ کے مطابق اغواکار بھائی کے موبائل سے واٹس ایپ پر ویڈیو کال کرکے تاوان مانگتے ہیں۔