23 ویں سالگرہ منانے والے نوجوان کو کیک کاٹنے سے چند لمحے قبل بے دردی سے قتل کر دیا گیا باپ کو پہلے ہی دھمکی دے دی تھی۔
یہ افسوسناک واقعہ بھارت میں پیش آیا جہاں 23 ویں سالگرہ منانے والے نوجوان منیش برجاپتی کو اپنی خوشیاں پوری طرح سے منانے کا موقع بھی نہ ملا اور کیک کاٹنے سے چند لمحے قبل اس پر گولیاں برسا کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گوکل پور گاؤں میں منیش اپنے اہل خانہ ور دوستوں کے ساتھ سالگرہ منانے کی تیاری کر رہا تھا اور کیک بھی میز پر سجایا جا چکا تھا۔ قبل اس کے کہ منیش کیک پر چھری چلاتا، اس کی زندگی پر ہی چھری چلا دی گئی۔
کیک کاٹنے سے چند لمحے قبل دیپو نامی ملزم اس کے گھر کے باہر پہنچا اور نوجوان کو آواز دے کر بلایا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ وہ دو قبل منیش سے ہونے والی لڑائی کو ختم کرنے آیا ہے اور اس سے بات کرنا چاہتا ہے۔
یہ سن کر منیش جیسے ہی گھر سے باہر آیا تو دیپو کے ساتھ موٹر سائیکل پر آنے والے دو دیگر ملزمان شیوم اور ہرش نے نوجوان پر فائر کھول دیے اور اس پر گولیاں برسا کر فرار ہوگئے۔
خون میں لت پت منیش کو اہلخانہ اور دوست فوری طور پر قریبی اسپتال لے گئے تاہم دوران علاج وہ چل بسا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ایس پی رورل نے بتایا کہ 2 ماہ قبل دونوں فریقین کے درمیان لڑائی ہوئی تھی اور یہ قتل اسی دشمنی کی بنا پر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب مقتول کے بڑے بھائی گگن نے بتایا کہ ملزم اس کے چھوٹے بھائی منیش کو کئی دنوں سے دھمکیاں دے رہا تھا۔ تھانے میں اس نے ہمارے والد کو بھی دھمکی دی تھی کہ اپنے بیٹے کے لیے کفن کا بندوبست کرلے۔ منیش کو گولی مار دی جائے گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی الٹا انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔