کراچی : ٹھیلے پر مچھلی فرائی مچھلی فروخت کرنے والے نوجوان نے کاروبار ایف بی آر میں رجسٹرڈ کرواکر وطن سے محبت کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے نوجوان نے چھوٹا کاروبار فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں رجسٹرڈ کرکے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو بڑھایا ہے۔
پاکستان میں ہزاروں لوگ مچھلی کے کاروبار کے ساتھ منسلک ہیں، ان میں سے کچھ ایسے ہیں جو کراچی کے مختلف مقامات پر مچھلی فروخت کرتے ہیں بلکہ اسے فرائی کرکے لذت کام و دہن کا بھی سبب بنتے ہیں۔
شاہد عرف سی فوڈ بابو نے اپنے کاروبار کو باقاعدہ طور پر ایف بی آر سے رجسٹرڈ کروایا ہے بلکہ اس کا این ٹی این نمبر بھی شاہد کے پاس اور ان کا ٹیکس بھی قومی خزانے میں جائے گا۔
ٹھیلے پر سی فوڈز فروخت کرنے والے نوجوان نے اپنا کاروبار ایف بی آر میں رجسٹرڈ کروایا تاکہ اس کے چھوٹے سے کاروبار سے حکومت کو بھی فائدہ ہو اور ملک کی معیشت میں اس کا حصہ شامل ہو۔
شاہد بابل کا کہنا ہے کہ ایف بی آر سے رجسٹرڈ کرانے کا مقصد یہ ہے کہ ملکی خزانے کو فائدہ پہنچے۔
شاہد کے اقدام سے متعلق ایڈوکیٹ حسان صابر سے نمائندہ اے آر وائی نے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ہر آدمی کو جو کاروبار کررہا ہے ایف بی آر سے رجسٹرڈ ہونا چاہیے اور وہ اپنا این ٹی این نمبر حاصل کرکے اپنا ریٹرن فائل کرے۔
ایڈوکیٹ حسان صابر اور نوجوان شاہد کی گفتگو سے یہ نتیجہ اخذ ہوتا ہے کہ اگر ہر کاروبار کرنے والا ہر شہری اپنا این ٹی این نمبر حاصل کرے تو ٹیکس نا صرف قومی خزانے میں جمع ہوگا بلکہ ملک کی تعمیراتی و ترقی میں کردار ادا ہوگا۔