کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام جیتو پاکستان میں سونے کی لوٹ مچ گئی، نوجوان آصف نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ مالیت کا انعام اپنے نام کرتے ہوئے 50 تولے سونا جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام جیتو پاکستان میں تحائف کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، آج پروگرام کے حصے بات بنتی ہے کا سلسلہ جب شروع ہوا تو آصف نامی نوجوان کو قسمت آزمائی کا موقع ملا۔
اپنی قسمت کے لیے کھیلنے والے آصف کو یقین نہیں تھا کہ وہ ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ مالیت کا سونا اپنے نام کرلے گا، ایونٹ کے آخری حصے میں دو ڈبے باقی رہے جن میں سے ایک میں پچاس تولہ اور دوسرے میں 20 تولے سونا تھا۔
میزبان فہد مصطفیٰ نے نوجوان کو پیش کش کی کہ وہ 32 تولہ سونے سمیت تحائف لے کر خوشی خوشی گھر جائیں مگر اسی دوران وسیم بادامی اسٹیج پر آئے اور انہوں نے نوجوان کی ہمت بڑھاتے ہوئے قائل کیا کہ اپنا ہی ڈبے کو منتخب کریں اور اسے تبدیل نہ کریں۔
ویڈیو دیکھیں
قسمت جس پر مہربان ہو کامیابی اُس کے قدموں میں آ ہی جاتی ہے۔ فہد مصطفیٰ نے وہاں موجود مہمانوں سے پوچھا کہ ڈبے میں کیا ہے تو سب کو یقین تھا کہ اُس میں 20 تولے سونا ہے مگر نوجوان بضد تھا کہ اُس کا منتخب کردہ ڈبہ ہی بطور انعام دیا جائے۔
آصف نامی نوجوان کا ڈبہ جب کھولا گیا تو حیران کی انتہاء نہ رہی کیونکہ اُس میں 50 تولے سونے کی مالیت کا انعام تھا جس کی پاکستانی کرنسی کے حساب سے رقم 25 لاکھ روپے بنتی ہے۔