پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے وکٹ کیپر اور بلے باز اعظم خان کو اپنی فٹنس پر توجہ دینے سے متعلق اہم مشورہ دیا ہے۔
سابق کرکٹر معین خان کے بیٹے اعظم خان آج کل پاکستان سپر لیگ 10 کی فرنچائر اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کھیل رہے ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بطور اوپنر آنے پر اعظم خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اوپنر آنے میں کوئی حرج نہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ اعظم خان کو اپنی کمزوریوں کو خاص طور پر باؤنسر کے خلاف طاقت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو بولرز انہیں باؤنسر کا نشانہ بناتے رہیں گے اور بار بار ان کی خامیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
اعظم خان کو مشورہ دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اگر وکٹ کیپر اعلیٰ سطح پر کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں کو سنجیدگی سے لیں۔
اُنہوں نے کہا کہ غذائی ڈسپلن پر کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا، ہم سب برگر شوق سے کھاتے ہیں، میں بھی برگر کھاتا ہوں لیکن بطور پروفیشنل ایتھلیٹ ہمیں تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اعظم خان اپنے کیریئر کو طول دینا چاہتے ہیں اور اعلیٰ سطح پر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی فٹنس پر کام کرنا ہوگا، یہاں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء میں امریکا کے خلاف شکست اور صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کے بلے باز اعظم شدید تنقید کی زد میں آگئے تھے۔
بلے باز کو نہ صرف امریکا کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے پر تنقید کا سامنا تھا بلکہ کیچز چھوڑنے پر بھی کرکٹ شائقین اعظم سے سخت نالاں تھے۔
ایسے میں امریکی شہر نیویارک سے بلے باز کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی تھی، جس میں اُنہیں اسٹریٹ فوڈ کے اسٹال پر کھڑے ہوکر برگر کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
کین ولیمسن کراچی کنگز کو جوائن کرنے لاہور پہنچ گئے
غیر ملکی میڈیا پر بھی اس ویڈیو کو خوب کوریج دی گئی تھی، جبکہ بعض سوشل میڈیا صارفین اس قسم کی ویڈیو وائرل کرنے پر ناراض بھی دکھائی دیئے۔