سابق کپتان یونس خان نے بابر اعظم اور محمد رضوان کو مڈل آرڈر میں کھلانے کا مشورہ دے دیا۔
سابق کپتان یونس خان نے پاکستان کے وائٹ بال سیٹ اپ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کے کردار کے بارے میں جاری بحث پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو اوپنر کے نمبر پر کھلانا درست نہیں اور انہیں مڈل آرڈر میں اپنی اصل پوزیشن میں واپس آنا چاہیے۔
یونس نے بابر اور رضوان کی حالیہ پرفارمنس پر تنقید کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اسکل شروع میں آغاز فراہم کرنے کے بجائے اننگز کو اینکر کرنے کے لیے بہتر ہیں۔
یونس نے کہا، "بابر اور رضوان کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ ضرور ہونا چاہیے لیکن اوپنرز کے طور پر نہیں۔ ان کی اصل اور بہترین پوزیشن مڈل آرڈر میں ہے جہاں وہ اننگز کو آگے بڑھا سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر استحکام فراہم کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پہلے وائٹ بال لائن اپ میں دونوں کی جوڑی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جاتی تھی لیکن حال ہی میں ٹی 20 فارمیٹ میں ان کی اوپننگ جوڑی تنقید کی زد میں ہے کیونکہ تیز رفتار فارمیٹ میں ہائی اسٹرائیک ریٹ کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
تنقید کے باوجود بابر اور رضوان کے پاس اعدادوشمار کے اعتبار سے سب سے زیادہ شراکت داری کا ریکارڈ ہے، دونوں نے 73 میچوں میں مشترکہ 3300 رنز بنائے ہیں۔