ڈومینکا: قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے اور اپنے کیرئیر کا آخری میچ کھیلنے والے بیٹسمین یونس خان نے افغان ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے نشر ہونے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرانی شراب ایک بار پھر نئی بوتل میں پیش کرنے کی کوشش ہے۔
نمائندہ خصوصی شاہد ہاشمی سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے برطانوی خبررساں ادارے پر شائع ہونے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’’افغان کرکٹ بورڈ نے 2012 اور 2013 میں اپنی ٹیم کی کوچنگ کے لیے رابطہ کیا تھا تاہم میں نے اُسے نظر انداز کرتے ہوئے اپنے کھیل کو اہمیت دی‘‘۔
یونس خان نے کہا کہ افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوچنگ کی نمائندگی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبر میں کوئی صداقت نہیں، میرا افغانستان جانے اور اُن کی ٹیم کی کوچنگ کا کوئی ارادہ نہیں‘‘۔
واضح رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں کپتان مصباح الحق اور یونس خان اپنے کریئر کا آخری میچ کھیل رہے ہیں، پی سی بی دونوں کھلاڑیوں کی وطن واپسی پر انہیں فیئرویل دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پڑھیں: ’’ یونس خان افغان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کریں گے‘عاطف مشال ‘‘
دوسری جانب پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ یونس خان کو انڈر 19 ٹیم کا کوچ مقرر کردیا جائے تاکہ آئندہ ہونے والے ورلڈ کپ میں ٹیم اچھی کارکردگی دکھا سکے۔